ابوظبی میں دو ملازمین کو ٹوائلٹ پیپرز چُرانے پر6 ماہ قید ہو گئی
ابوظبی میں ایک کمپنی کے ملازمین کو ٹوائلٹ پیپرز چوری کرنے مہنگے پڑ گئے۔ مقامی عدالت کی جانب سے دو ملزمان کو چھ ماہ قید کی سُنا دی گئی ہے. جن میں ایک کا تعلق ایشیائی مُلک سے بتایا جا رہا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دونوں ملزمان ابوظبی کی ایک پیپر مینوفیکچرنگ کمپنی میں ملازم تھے، ایک ملزم سٹور کیپر تھا جبکہ دوسرا کرین آپریٹرتھا۔
انہوں نے کمپنی کے گودام سے ٹوائلٹ پیپرز کے درجنوں کارٹن چُرا لیے جن کی مالیت 42ہزار درہم کے لگ بھگ تھی اور پھر انہیں مارکیٹ میں فروخت کر دیا۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان گودام سے کارٹن نکال کر ٹرک میں لاد کر لے جاتے اور انہیں بیچ کر رقم جیب میں ڈال لیتے۔
جب کمپنی کی جانب سے آڈٹ کیا گیا تو پتا چلا کہ 42 ہزار مالیت کے ٹوائلٹ پیپرز کا کوئی ریکارڈ نہیں مل رہااور نہ ہی اس سامان کی کوئی رسید کیشیئر اور اکاؤنٹس آفس کی جانب سے جاری کی گئی تھی۔
معاملے کی تفتیش شروع ہوئی تو پتا چلا کہ دونوں ملزمان مل کر سامان چُراتے رہے۔ یہ لوگ مال گودام سے باہر لے جاتے اوریہی ظاہر کرتے کہ اس سامان کو باہر لے جانے کے لیے رسید بنا لی گئی ہے۔ جس کی بناء پر کسی کو شک نہیں ہوتا تھا۔ کمپنی مینجمنٹ اس سارے معاملے سے سراسر بے خبر رہی تھی۔ عدالت کی جانب سے ملزمان کو چھ ماہ قید کی سزا دی گئی اور ساتھ میں مقدمے کے اخراجات بھی ملزمان کو ادا کرنے کا حکم سُنایا گیا۔ ملزمان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تاہم عدالت نے ان کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سُنا دیا۔ یو اے ای کے قانون کے مطابق ملزمان کو سزا بھگتنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں