پیانگ یانگ: چند ماہ قبل شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان کے دل کا آپریشن ہوا تھا، جس کے بعد افواہیں گردش میں رہیں کہ ان کی حالت تشویشناک ہو چکی ہے اور اب عنان اقتدار ان کی بہن کے سپرد ہونے جا رہی ہے۔
بعد ازاں ان افواہوں کی تردید سامنے آ گئی مگر اب ایک بار پھر اس حوالے سے تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس سروس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کم جونگ ان دل کا آپریشن ہونے کے بعد سے بے ہوش ہیں اور ان کی حالت واقعی تشویشناک ہے۔
تاہم اقتدار ان کی بہن کم ژو جونگ کو نہیں بلکہ کم جونگ ان کے ایک چچا کو منتقل ہونے جا رہا ہے جو کم جونگ ان کے والد کم جونگ ال کے سوتیلے بھائی ہیں۔ ان کا نام کم پیانگ ال ہے اور ان کی عمر پینساٹھ سال ہے۔ وہ شمالی کوریا کے بانی کم ال سنگ کا آخری بیٹا ہے جو زندہ ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے کم جونگ ان کی حالت تشویشناک ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کی جو تصاویر شمالی کوریا کی طرف سے جاری کی گئیں تھیں اور کہا گیا تھا کہ وہ بالکل صحت مند ہیں، وہ تصاویر جعلی تھیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ زندہ ہیں مگر آپریشن کے بعدسے کوما میں ہیں۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں