اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں لوگوں کی مدد کے لئے پہنچنے کی ہدایت کردی، وزیر اعظم عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے حالات سے واقف ہوں۔
وزیراعظم نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کو ٹیلیفون کر کے بارشوں سے ہونیوالے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا گورنرسندھ لوگوں کو ریلیف کے لیے اقدامات کریں، متاثرہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا بروقت فراہم کی جائیں، نشیبی علاقوں میں متاثرین کو مناسب مقامات پر پہنچایا جائے۔
ادھر کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کے بیشتر علاقوں کو ڈبو دیا، شاہراہیں، گلیاں، بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقے کمر کمر تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، منہ زور پانی کے رحم پر کرم پر ہیں۔ بیشتر علاقوں کے مکینوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔
اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، لائنز ایریا، پی آئی بی کالونی، ملیرسٹی رفیع گارڈن میں بتی گل ہے۔ محمودآباد، منظورکالونی، لیاقت اشرف کالونی سمیت دیگر علاقے بھی متاثر ہیں۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے متعدد فیڈرز حفاظتی اقدامات کے تحت بند کئے گئے۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں