وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کسی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستان میں کووڈ 19 کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی سیاسی جدوجہد سے نہیں گزری، نہ کبھی کسی عام شہری کو درپیش مشکلات کے لیے کام کیا اور نہ ہی عام شہریوں کی بہتری کے لیے کسی راہ میں کوئی اہم کردار ادا کیا۔

 وزیراعظم نے لکھا کہ درحقیت ان ’رہنماؤں‘ کو نہ صرف عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی ہے بلکہ ان کے خاندان نے قومی دولت کو لوٹ کر عوام کو مزید غریب کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ ’رہنما‘ اپنی ویران حویلیوں میں شاہانہ طرز کی زندگیاں گزار رہے ہیں او انہیں یہ پوزیشن صرف اپنے خاندانوں کی وجہ سے وراثت میں ملی ہے۔

اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ اب ان کا واحد مقصد صرف اپنے خاندانوں کی لوٹی ہوئی دولت اور کرپشن کو بچانا ہے جس کا یہ بنیادی حصہ ہیں، یہ سب کچھ ان کی سیاست ہے اور انہیں عام شہریوں کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔

ساتھ ہی وزیراعظم نے لکھا کہ این آر او حاصل کرنے کے لیے ان کی جاری تڑپ پر یہ کوئی بھی راستہ اپنا سکتے ہیں۔

 وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں مزید کہا کہ لہٰذا جب ہم نے غریبوں کو محرومی اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا تو ان لیڈرز نے مخالفت کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا اور اب جب اس نئی لہر کے دوران ہمیں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ لوگوں کی زندگیوں کی پرواہ کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ جلسے جلوس کر کے چاہتے ہیں کہ این آر او مل جائے جو کبھی بھی نہیں مل سکتا، جنہوں نے زندگی میں ایک دن بھی محنت نہیں کی، ان کا شاہانہ طرز زندگی ان کے اہلخانہ کی جانب سے لوٹی گئی عوام کی دولت پر منحصر ہے۔ 

آخر میں وزیراعظم نے لکھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ایک دن کام نہیں کیا، ان کا ’شاہی‘ طرز زندگی کا براہ راست انحصار ان کے خاندانوں کی ناجائز، غیرقانونی طور پر حاصل کی گئی دولت پر ہے جو انہوں نے قوم کو لوٹ کر اور غریب کر کے بنائی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top