ايشين کرکٹ کونسل نے کرونا وباء کی وجہ سے ايشيا کپ آئندہ سال تک ملتوی ہونے کا باضابطہ اعلان کرديا، ايونٹ رواں سال ستمبر پاکستان ميں ہونا تھا۔
اے سی سی نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء کے اثرات اور احتیاطی اقدامات کے تحت ایگزیکٹو بورڈ نے ایشیا کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اے سی سی کا مزید کہنا تھا، کہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کرانا چاہتے تھے تاہم سفری پابندیوں، مخصوص ممالک میں قرنطینہ کی صورتحال، صحت سے متعلق بنیادی خطرات اور سوشل ڈسٹنسنگ کی ضروریات کے تحت ایسا کرنے سے قاصر ہیں۔
اے سی سی نے مزید کہا ہے کہ شریک کھلاڑیوں، سپورٹنگ اسٹاف، تجارتی شراکت داروں، مداحوں اور دیگر کرکٹنگ کمیونٹی کی صحت سے متعلق خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ايونٹ آئندہ سال جون ميں کرانے کی کوشش کررہے ہيں
واضح رہے کہ ايشيا کپ رواں سال ستمبر ميں ہونا تھا جس کا ميزبان پاکستان تھا مگر پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کے ساتھ ایشیا کپ کی میزبانی کا تبادلہ کر ليا تھا۔
اے سی سی کے مطابق اگلے سال ہونے والے ايونٹ کی ميزبانی سری لنکا کرے گا جبکہ 2022ء ميں ايشيا کپ کا ميزبان پاکستان ہوگا۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں