کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے پیر کے روز کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف کے الیکٹرک دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی،اراکین صوبائی اسمبلی جمال صدیقی،علی عزیز جی جی، سعید آفریدی، راجہ اظہر،بلال غفار،ریاض حیدر، فہیم خان، شاہنواز جدون، رابستان خان، سدرہ عمران اور دیگر نے اپنے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے عوام کو مصیبت میں نہیں چھوڑ سکتے، کے الیکٹرک نے ٹیرف بڑھا کر عوام کو مزید اذیت میں ڈال دیا ہے اور عوام کے لیے مافیا بن گئی ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں کورونا مریضوں کو گھروں میں قرنطینہ کرنا مشکل ہوگیا ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے اپنی من مانی لوڈشیدڈنگ اور اووربلنگ کا سلسلہ نہ رکنے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور عوام کو جبری لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بچائیں گے۔
کے الیکٹرک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام پر ظلم کرنا بند کرے۔ پی ٹی آئی رہنما
ادھر سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ نامنظور کرتے ہیں۔کے الیکٹرک نے کراچی کی مظلوم عوام پر بجلی کے مہنگے بل کا بم گرایا ہے۔
کراچی میں وہ کرنٹ ہے کہ پورے ملک کی لوڈ شیڈنگ ختم کردے۔ 3 ہزار ارب کا ٹیکس کراچی ادا کرتا ہے اور قومی و صوبائی خزانے میں 65 سے 85 فیصد ٹیکس کراچی ادا کرتا ہے۔ اتنا ٹیکس دے کر بھی کراچی بجلی، پانی اور گیس سے محروم ہے۔ جس کا بل 3 ہزار آتا تھا اب 15 ہزار آرہا ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں