پارک لین ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم کی کارروائی کو موخر کر دی۔ پارک لین ریفرنس میں نیب سے آصف زرداری کی نئی درخواست پر 14 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری پرفرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی، اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی، جس سلسلے میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور سابق صدر کو بھی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرکے ان کی حاضری لگوائی گئی۔ اس موقع پر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے سابق صدر پر فرد جرم عائد نہ کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی، جس پر عدالت نے ایک بار پھر زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی، جبکہ آئندہ سماعت پر آصف زرداری کی متفرق درخواست پر نیب جواب داخل کرے گا۔

فاروق نائیک کے درخواست دائر کرنے پر جج اعظم خان نے کہا کہ آپ کو چاہیے تھا کہ یہ درخواست پہلے دائر کرتے، اب فرد جرم عائد کرنے کیلئے ویڈیو لنک کے انتظامات مکمل کر لیےگئے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک کی درخواست پر ڈپٹی نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ آپ اس درخواست پر ہمیں نوٹس جاری کریں، ہم آج ہی آدھے گھنٹے میں بحث کریں گے۔

سابق صدرآصف زرداری کے وکیل نے کہا کہ پراسیکیوٹر کو اس کیس میں اتنی جلدی کیا ہے؟ اس کے علاوہ بھی بہت سے کیسز ہیں، ہمیں مناسب وقت دیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اب وکیل صفائی درخواست دائر کر کے خود تیاری کا وقت مانگ رہے ہیں، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئندہ منگل کو کیس سماعت کیلئے رکھ لیں، مجھے ریسرچ کرنی ہے، جس پر جج اعظم خان نے کہا کہ آپ 9 جولائی کو پیش ہو جائیں، فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ 9 جولائی کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیس ہے۔ احتساب عدالت نے فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top