راولپنڈی کی یوسف کالونی میں مبینہ طور پر بیوی کو قتل کرنے والے نجی ٹی وی چینل کے صحافی اور ایکٹوسٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقتولہ کی بہن نے 29 جون کو رونما ہونے والے واقعے کی ایف آئی آر ایئر پورٹ تھانے میں درج کرائی۔
اپنی شکایت میں مقتولہ کی بہن نے کہا کہ ملزم علی سلمان علوی نے انہیں ان کی بہن کے فون سے دوپہر دو بجے کال کرکے کہا کہ وہ تباہ و برباد ہو گیا اور مقتولہ صدف زہرہ نے پھانسی پر لٹکنے سے قبل خود کو کچھ کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ انہیں علی سلمان علوی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر اور والد کے ہمراہ فوراً ان کے گھر پہنچیں جہاں انہیں ملزم گھر کے مرکزی دروازے پر کھڑا ہوا ملا جبکہ گھر کے بقیہ دروازے اندر سے بند تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ملزم انہیں اپنے کمرے تک لے گیا، جہاں انہیں صدف زہرہ کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی، جہاں خاتون کی گردن کے گرد بستر کی چادر بندھی ہوئی تھی جبکہ قریب ہی ایک سیڑھی بھی موجود تھی۔

ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او جواد شاہ نے نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس دن واقعہ ہوا، اسی دن ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور ان پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے۔

مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ کئی مرتبہ وارننگ دیے جانے کے باوجود ملزم ان کی بہن کو اکثر مارتا پیٹتا تھا اور ہم نے پولیس سے اس معاملے کی تفتیش کی درخواست بھی دے رکھی ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top