اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارشد ملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 16 نکاتی ایجنڈے سمیت ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا وباء کے باعث پیدا صورتحال پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے ارشد ملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا کہ ارشدملک ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے، ایئرمارشل ارشد ملک 12 جولائی کو پاکستان ایئر فورس سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد ملک ریٹائرمنٹ کے بعد بقیہ مدت کنٹریکٹ پر چیف ایگزیکٹو ہوں گے، ان کو 3 سال کے لیے پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کے معاملےپر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا جعلی اور مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جس پر کابینہ نے پائلٹس کی مشکوک ڈگریوں کی جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں