گلگت بلتستان انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم، گنتی کا عمل جاری ہے جہاں اپوزیشن کے مطالبات اور شکایات کے انبار لگا دیئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو پولنگ اسٹیشن سے ہٹادیا گیا ہے، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ اسٹیشن میں ہونا چاہیے۔
شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو پولنگ اسٹیشن میں رہنے کی اجازت دی جائے، آزاد، شفاف الیکشن نیٹ ورک کے 600 سے زیادہ مبصرین الیکشن مانیٹر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کی گنتی کے وقت سارے مبصرین کو رسائی دی جائے، گنتی کے وقت مبصرین کا نہ ہونا دھاندلی کے مترادف ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مبصرین کا پولنگ اسٹیشن میں نہ ہونا الیکشن کی شفافیت پر سوالات کھڑا کر رہا ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ خواتین کی ووٹنگ پر دانستہ پابندیوں پر گہری تشویش ہے، چیف الیکشن کمشنر فوری مداخلت کریں اور مسئلہ حل کریں۔
رہنما پی پی نے کہا کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی کوششیں ناقابل قبول ہے، یہ واقعات انتخابات کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہےکہ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شفاف بنائے۔
مریم نواز نے گلگت بلتستان کی خواتین کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ الیکشن میں خواتین کی بھرپور شمولیت خوش آئند ہے۔ 
مریم کا کہنا تھا کہ مشکل موسمی حالات میں گلگت بلتستان کے عوام کو ووٹ ڈالنے پر سلام پیش کرتی ہیں۔
لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شفاف بنائے۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں سخت سردی اور برفباری کے باوجود بھی عوام کی بڑی تعداد ووٹنگ عمل کا حصہ بنی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان انتخابات کے دوران ہر ووٹ کی پولنگ اور گنتی یقینی بنائے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ انتخابات میں اہلیان گلگت بلتستان کا جوش جمہوریت کیساتھ ان کی وابستگی کا عہد ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے عوام کے ان جذبات کو ملحوظ خاطر رکھے۔ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ ایک ایک ووٹ کاسٹ ہو اور ایک ایک ووٹ کا شمار ہو۔
The people of GB’s enthusiasm is a testament to their commitment to democracy. The election commission must not fail them and ensure every vote is cast & counted. #TeerPayThappa
گلگت بلتستان میں آج ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پیپلزپارٹی (پی پی) اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ ووٹرز بھی اپنی اپنی پارٹی کی جیت کیلئے سرگرم ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے گلگت بلتستان میں بھرپورانتخابی مہم چلائی، حکمران جماعت پی ٹی آئی، پی پی اور نواز لیگ نے جلسے، ریلیوں اور کارنرمیٹنگز میں خوب جان ماری، امیدواروں نے بھی کامیابی کے دعوے کردیئے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مثالی انتخابات کروا کر تاریخ رقم کردینگے۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top