وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ   گلگت بلتستان کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان  نے گلگت بلتستان انتخابات جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  گلگت بلتستان کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا۔ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر مسائل حل  کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک سے کوئی غرض نہیں ہے،  انہیں صرف اپنے مفادات کی فکر ہے۔ اپوزیشن کو این آر او نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹویٹ پیغام میں گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دی۔ کہتے ہیں گلگت بلتستان کےغیورعوام نے اپوزیشن کے متوقع دھاندلی بیانیے کوزمین بوس کر دیا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ پولنگ کا عمل پُرامن انداز میں خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ انتخابی عمل میں بزرگوں اور خواتین سمیت عوام کی بھرپور شرکت اور شفافیت میڈیا نے اپنے کیمروں کی آنکھ سے دکھائی۔ 

 وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے نواز اور مریم کا ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ مسترد کردیا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ اُمید ہے عبرتناک شکست سے پی ڈی ایم کی قیادت کو احساس ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے انتخابی نتائج کے بعد رعمل میں کہا کہ پی ڈی ایم کا بوریا بستر لپیٹنے اور ان کا بیانیہ دفنانے کیلئے رضا کار درکار ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top