اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے پاکستان پر دباؤ کی میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت ہیں، وزیراعظم عمران خان واضح طور کہہ چکے ہیں کہ فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن پر مبنی ہے۔

وزیراعظم کے واضح مؤقف کے بعد بے بنیاد قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں اور دارالحکومت القدس پر مشتمل فلسطین کا حامی ہے، پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔

خیال رہے کہ ڈان اخبار نے ایک اسٹوری شائع کی تھی جس کے مطابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا دباؤ غیر معمولی تھا'۔

یہ اسٹوری مشرق وسطیٰ سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والی خبررساں ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی (ایم ای ای) میں شائع ہوئی تھی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top