تفصیلات کے مطابق افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصوراحمدخان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل کابل کادورہ کریں گے، اپنے دورے میں عمران خان صدراشرف غنی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے، یہ دورہ ایک روزہ ہوگا، وزیراعظم کے وفد میں کئی اہم وزرا بھی شامل ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ دورہ کرنے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
وزیراعظم کے دورہ کے پروگرام میں صدر اشرف غنی سے بالمشافہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پرمذاکرات اور میڈیا سے مشترکہ بات چیت شامل ہے۔
دورے کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، افغان امن عمل، خطے میں معاشی ترقی اور اسے جوڑنے پر توجہ مرکوز رہے گی۔
وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے مستقل سلسلے کا حصہ ہے، صدر اشرف غنی جون 2019 میں آخری مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئے تھے، قبل ازیں مئی 2019 میں دونوں رہنماؤں میں چودھویں’او آئی سی‘ مکہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، ستمبر2020 میں وزیراعظم کی صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی ہوئی تھی۔
وزیراعظم کے دورے سے حالیہ مہینوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں اشتراک عمل، دوطرفہ تعلقات اور پائیدار روابط کومزید تقویت اور فروغ ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پاک افغان بارڈر مینجمنٹ، کراس بارڈر ایشوز پر بھی بات ہوگی۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں