اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) پہلی بار پاکستانی روپے میں قراقرم بانڈ جاری کرے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قراقرم بانڈ کے اجراء کے لیے ایک ارب تراسی کروڑ روپے مختص کر دیے ہیں۔ یہ بانڈ ایک کثیرجہتی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری کیا ہے جس کا پاکستان بھی رکن ہے ،قراقرم بانڈ پاکستانی کرنسی میں آف شوربانڈ ہے جو امریکی ڈالرمیں سیٹلڈ ہے، یہ بانڈ ایک بڑے سٹاک ایکسچینج میں بھی رجسٹرڈ ہے۔

اعلامیے کے مطابق قراقرم بانڈ کی شرح منافع ساڑھے سات فیصد ہو گی اور اس کی میچورٹی اگست 2023 میں ہو گی۔ بانڈ کی رقم ڈالر میں جاری شرح منافع کے مطابق تبدیل کی جاسکے گی۔

اس ضمن میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ اس بانڈ سے پاکستان کو ڈالر میں قرضے کے حصول میں بے مثال مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق یہ بانڈذ سٹی گروپ گلوبل مارکیٹس کی مدد سے جاری کیا اوریورپین ایسٹ منیجرز میں اس کی فروخت ہوئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق بانڈز کی فروخت سے حاصل کردہ فنڈز بینک کے معمول کے سرمایہ وسائل میں شامل ہوں گے، قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں مقامی کرنسی میں قرضہ نہیں دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ  ہماری معیشت اوپر جا رہی ہے، چاروں طرف سے ہمیں معیشت کی اچھی خبریں آرہی ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر 40 ہزار ٹن گندم ریلیز ہورہی ہے۔ ملک میں 20 سے 22 لاکھ ٹن گندم کم پیدا ہوئی۔ ملک میں اس وقت گندم کی کوئی کمی نہیں ہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ جب حکومت ملی تو ایک بحرانی کیفیت تھی۔ مجبوراً ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ ہماری حکومت نے برآمدات میں اضافہ کیا اور کمزور طبقے کیلئے تاریخی پیکج دیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے معیشت کو دھچکا لگا۔ معاشی بحران کی کیفیت کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ کورونا کے دوران ایک کروڑ 50 لاکھ لوگوں کو رقم دی گئی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top