بریفنگ مین کہا گیا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں 26 نومبرسے 24 دسمبرتک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، 25 دسمبرسے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویوسیشن ہوگا جس کے بعد 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں تعلیمی سلسلہ آن لائن جاری ہے وہاں آن لائن جبکہ جہاں یہ سہولت نہیں ہے وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے۔ شفقت محمود کے مطابق مارچ اوراپریل میں بورڈ کے امتحانات کومئی میں کرانے کی سفارش کی ہے، یونیورسٹی ہاسٹلزکے طلبہ کا ایک تہائی حصہ ہاسٹلزمیں قیام کرسکیں گے، نوکریوں کے سلسلہ میں ہونے والے ٹیسٹ جاری رہیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ کوبلانے کے حوالے سے اسکول انتظامیہ فیصلہ کرے گی، نیا تعلیمی سال کواگست میں لے جانے کے حوالے سے تجویززیرغورہے، کورونا کے حوالے سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
اجلاس میں این سی او سی حکام اور وزارت صحت کی جانب سے بریفنگ میں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز، شرح سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کی ہدایت دی۔
ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
تعلیمی اداروں میں کورونا عروج پر پہنچ گیا، ایک ہفتے میں مثبت کیسز کی شرح 82 فیصد رہی، یومیہ شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد تک پہنچ گئی، ملک بھر میں آج مثبت کیسز کی شرح 7.46 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
آزاد کشمیر 11.45 فیصد کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 9.85، سندھ میں 9.63، اسلام آباد میں 8.9، بلوچستان میں 7.73، گلگت میں 5.23 اور پنجاب میں 3.95 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 14 ہزار 508، سندھ میں ایک لاکھ 63 ہزار 329، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 599، بلوچستان میں 16 ہزار 810، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542، اسلام آباد میں 27 ہزار 18 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 123 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 16 ہزار 955 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 929 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 885 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 861، سندھ میں 2 ہزار 829، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 327، اسلام آباد میں 279، بلوچستان میں 161، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 144 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں