لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں۔

لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قید شہباز شریف کو ان کی والدہ کے انتقال کی خبر پہنچائی۔ جبکہ ذرائع نے بتایا کہ شمیم اختر کے انتقال کے بارے میں پشاور میں موجود مریم نواز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں لمبے سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔ 

ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ شمیم اختر کی میت پاکستان لانے یا نہ لانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جب کہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004 میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔

وزیراعظم عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو، چودھری برادران، گورنر پنجاب، اور وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی رہنماوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔‌

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top