لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مرحومہ والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد جاکی لندن سے پاکستان پہنچائے جانے کے بعد ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی مرحومہ والدہ بیگم شمیم اختر کو جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا۔

بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی ہفتہ کی صبح لاہور پہنچا تھا، جہاں ایئرپورٹ پر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے میت کو وصول کیا تھا، جس کے بعد میت کو شریف میڈیکل سٹی کے سرد خانے منتقل کردیا گیا تھا۔


بعد ازاں شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں مفتی راغب نعیمی نے شمیم اختر کی نماز جنازہ پڑھائی، جس میں شریف خاندان کے لوگوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نواز اور شہباز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ کارکنان کو براہ راست شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں پہنچنے کا کہا گیا تھا۔

اس سلسلے میں جاتی امرا آنے والی مرکزی شاہراہ کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا اور عام گاڑیوں کا داخلہ ممنوع تھا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کا جسد خاکی جاتی امرا لے جایا گیا جہاں ان کی تدفین کی گئی۔

خیال رہے کہ نواز اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 22 نومبر کو 90 سال سے زائد عمر میں لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top