سیمی راحیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پی ٹی وی کی جانب سے ملنے والے چیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ انہیں کام کا معاوضہ محض 1400 روپے ادا کیا گیا۔

سیمی راحیل کے مطابق پی ٹی وی 4 دہائیاں گزرجانے کے باوجود سبق سیکھ نہیں پایا اور ریاستی ٹی وی کی انتظامیہ سینیئر اداکاروں کے ساتھ ناروا سلوک کرتی ہے۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے کام کا معاوضہ محض 1400 روپے دیے جانا افسوس ناک ہے اور انہیں اتنا کم معاوضہ ملنے پر اپنی بے عزتی محسوس ہوئی۔

انہوں نے لکھا کہ کام کا معاوضہ اتنا کم دیے جانے سے لوگ فیصلہ کریں کہ ریاست فنکاروں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹیلی وژن، ڈراما انڈسٹری، ایم ڈی پی ٹی وی، چیئرمین پی ٹی وی، آرٹسٹ، اداکار اور انفارمیشن منسٹر کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

اداکارہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئی تھیں یا انہوں نے پروگرام میں اداکاری کی تھی؟

سیمی راحیل نے اسی حوالے سے انکشاف کیا کہ انہوں نے رواں برس اگست میں یوم آزادی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی، جس کا معاوضہ انہیں کئی ماہ بعد 1400 روپے چیک کی صورت میں ادا کیا گیا۔

انہوں نے پی ٹی وی انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جو لوگ انتظامیہ کے من پسند ہوتے ہیں، انہیں انتظامیہ نہ صرف بھاری معاوضہ ادا کرتی ہے بلکہ ایسے افراد کو ایوارڈز سے بھی نوازا جاتا ہے۔ 

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top