پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ملک کے نوجوان فلم سازوں اور طلبہ کے لیے فلم فیسٹیول اور ایوارڈز کا اعلان کردیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے نوجوان فلم سازوں کے لیے ’نیشنل امیچوئر شارٹ فلم فیسٹیول‘ (این اے ایس ایف ایف) (نساف) کا اعلان کیا گیا۔

مذکورہ فلم فیسٹیول کے ذریعے نوجوان فلم ساز 6 مختلف کیٹیگریز میں اپنی دستاویزی و فیچر فلمیں ایوارڈز کے لیے جمع کروا سکیں گے۔

نیشنل امیچوئر شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان فلم ساز ’پاکستان کے رنگ، وادی سندھ کی تہذیب، پاکستانی ثقافت، چھوٹی صنعتوں کا کاروبار میں کردار، پاکستان میں فلاحی کام اور زراعت کا ملکی ترقی میں کردار‘ جیسے موضوعات پر بنی فلمیں جمع کروا سکیں گے۔

فلم فیسٹیول کی بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق نوجوان فلم ساز مذکورہ 6 کیٹیگریز پر اینیمیٹڈ اور فکشن سمیت دستاویزی فلمیں بھی جمع کرواسکتے ہیں۔

فیسٹیول میں تمام کیٹیگریز میں دو طرح کی فلمیں جمع کروائی جا سکتی ہیں، جس میں سے موبائل فون پر ریکارڈ کی گئی یا بنائی گئی فلمیں بھی شامل ہیں جب کہ دوسری وہ فلمیں جو عام فلمی انداز میں کیمروں اور دیگر ٹیکنالوجی سے بنائی گئی ہوں۔

فلم فیسٹیول میں مذکورہ تمام کیٹیگریز میں سے ایک فلم کو ’بہترین فلم‘ کا ایوارڈ دیا جائے گا جب کہ دیگر تین ایوارڈز بھی فلم سازوں کو دیے جائیں گے۔

فیسٹیول میں شرکت کرنے والے فلم سازوں کو ’بہترین فلم‘ کے علاوہ ’جیوری اپریسیئشن ایورڈز اور اسکل سیٹ ایوارڈز‘ بھی دیے جائیں گے، علاوہ ازیں ایوارڈز جیتنے والے فلم سازوں کو اعلیٰ فلمی تعلیم کے لیے اسکالر شپس بھی فراہم کی جائیں گی۔

فیسٹیول میں شرکت کے خواہش مند فلم ساز اپنی 10 سے 12 منٹ دورانیے کی مختصر فلمیں مقابلے کے لیے جمع کروا سکتے ہیں۔

 

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top