یہ اہم فیصلے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب نے کورونا کے انسداد کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی۔
وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انسداد کورونا کابینہ کمیٹی نے صوبے میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کی منظوری دی۔ صوبے میں کورونا کے کیسز کی بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کی وجہ سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کو مائیکرو سے بڑھا کر محلہ اور سوسائٹی لیول تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ جس مارکیٹ، بازار، آفس، شادی ہال میں ماسک کی پابندی نہیں کی جائے گی، اسے بند کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جارہی ہے، شادی ہالوں میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹیں بند کردی جائیں گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شادی ہالوں میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جس مارکیٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی اسے سیل کردیا جائے گا، جبکہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں