حافظ آباد: وزیر اعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ ملک میں سرکس لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کیسز معاف کرانے کے لیے مجھے بلیک میل کر رہی ہے۔  جتنے مرضی جلسے کر لیں جب تک قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

حافظ آباد یونیورسٹی کے سنگ بنیاد  اور جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کی تعمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  جنہوں نے 30 سال میں ملک کو لوٹا اب انہوں نے سرکس لگائی ہے۔ ہم نے ان کے خلاف نئے کیسز نہیں بنائے، یہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ ان کے دور میں نیب غلام تھا، ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ کہتے ہیں کہ ان سے چوری کا نہ پوچھا جائے۔ نوازشریف نے عجیب شکل بنائی،  کہا گیا کہ مرنے والا ہے۔ نوازشریف کی شکل دیکھ کر کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ لندن جاتے ہی نوازشریف کی ساری بیماریاں ختم ہوگئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں نہیں مانا تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کیے۔ ہماری حفاظت کرتے ہوئے کئی فوجی شہید ہوگئے۔ نوازشریف اپنی فوج کے خلاف ہندوستان کی زبان بول رہا ہے۔ نوازشریف تمہاری طرح میر جعفر اور میر ایازصادق کا مقابلہ کروں گا۔ نوازشریف لندن میں بیٹھ کرفوج کے خلاف سازش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل نے کہا کہ عمران کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ میری وجہ سے نہیں آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالتﷺ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟۔ میں نے یہ سب ووٹ کے لیے نہیں کیا، یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حافظ آباد یونیورسٹی اور 400 بیڈز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا۔ جلد سے جلد ان منصوبوں کو مکمل کیاجائے گا۔ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ضروریات کو پورا کیاجائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ضروریات کو پورا کیا جائے، رواں سال کے اختتام تک پنجاب کے 50 فیصد عوام کی ہیلتھ انشورنس ہوجائے گی، جس سے ہر خاندان کا 10 لاکھ روپے کسی بھی سرکاری یا پرائیوٹ اسپتال میں مفت علاج ہوسکے گا، 2021 میں پنجاب کی تمام آبادی کو صحت کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے غریبوں کے لیے پناہ گاہوں کا منصوبہ شروع کیا، روٹی ،کپڑا اور مکان کی بات تو پہلے بھی کی گئی لیکن اب حقیقی معنوں میں غریب اپنا گھر بناسکیں گے، نیا پاکستان ہاوَسنگ منصوبے کے تحت غریب لوگ بھی اپنا گھر بناسکیں گے، گھر بنانے کے لیے 5 فیصد سود پر عوام بینکوں سے قرضے لے سکیں گے،ملک سےغربت کم کرنے کے لیے پالیسیاں بنارہےہیں، پختونخوا میں کوئی بھی جماعت دوبارہ برسر اقتدار نہیں آئی لیکن 2018 میں پی ٹی آئی کو دوبارہ موقع ملا، خیبرپختونخوا میں 9 فیصدغربت کم ہوئی اس لیے لوگوں نے پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مطابق ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے پنجاب اور پختونخوا میں اسپتالوں کا جال بچھ جائے گا۔ غریبوں کے لیے پناہ گاہوں کا منصوبہ شروع کیا۔ نیا پاکستان ہاوَسنگ منصوبے کے تحت غریب لوگ بھی اپنا گھر بناسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سےغربت کم کرنے کے لیے پالیسیاں بنارہے ہیں۔ یہی قوم ایک عظیم قوم بنے گی۔ دوسرا کام ہم قانون کی بالادستی کےلیے کر رہے ہیں۔ جہاں طاقتور اورغریب کے لیے الگ الگ قانون ہو، وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں صرف1970میں شفاف انتخابات ہوئے اس کے لیے علاوہ ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگے، 2018 کے انتخابات پر ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، (ن) لیگ نے دھاندلی پر صرف 11 درخواستیں دائر کیں،میں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نیوٹرل ایمپائرلایا، جب بھارت کی ٹیم پاکستان آئی تو ہم نے نیوٹرل امپائر کے ساتھ میچ کھیلا، ہم ایسا الیکشن کروائیں گے کہ جو ہارے گا وہ بھی مانے گا کہ الیکشن شفاف ہوئے،الیکٹرانک ووٹنگ پر بھی کام کررہے ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top