صبح سے سوشل میڈیا پر خبر زیر گردش تھی کہ جواد احمد بھی کووڈ 19 میں مبتلا ہو گئے ہیں تاہم اس خبر کو کچھ صارفین افواہ بھی قرار دینے لگے لیکن اب گلوکار نے خود اس بیماری میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
معروف گلوکار، سیاسی پارٹی برابری کے چیئرمین جواد احمد کی چند روز سے طبیعت ناساز تھی۔ انہوں نے ڈاکٹرز کے مشورے سے کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آگئی ہے۔
جواد احمد نے یہ بھی کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر کے ایک کمرے تک محدود کرلیا ہے، ڈاکٹروں کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر کے مطابق دو ہفتے تک گھر پر رہوں گا۔ جب کہ چاہنے والوں سے اپیل ہے کہ میری صحت یابی کیلئے دعا کریں۔
دوسری جانب لاہور سمیت صوبہ بھر میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ آئے روز کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اموات بھی مسلسل رپورٹ ہورہی ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 255 نئے کیسز اور 5 اموات کی تصدیق کی گئی۔
کورونا وبا کے دوران لاہور میں اب تک 52 ہزار 287 کیسز اور 925 اموات ہوچکی ہیں۔ پنجاب بهر میں کورنا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 271 ہوگئی ہے۔ صوبےمیں مجموعی طور پر 2ہزار362 اموات ہوچکی ہیں، پنجاب میں کورونا سے متاثرہ 97 ہزار456 مریض اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں