افغان صدر اشرف غنی کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے ان کے ساتھ اہم معاملات پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان اور خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے افغان صدر کو امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے امریکہ طالبان امن معاہدہ پر عملدرآمد اور انٹرا افغان مذاکرات جلد شروع ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو کوویڈ 19 سے متعلق پاکستانی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے افغان صدر اشرف غنی سے رابطے میں کہا کہ اس عید الاضحیٰ پر عالمی برادری کو کوویڈ 19 سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ عمران خان نے کوویڈ 19 کے باعث افغانستان میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کوویڈ 19 پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کا فوکس لوگوں کی زندگیاں بچانے اور معیشیت کی بحالی ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں