پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 644.39 پوائنٹس بڑھ گیا، ایک مرتبہ پھر چالیس ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی، جبکہ سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے سے زائد کا منافع ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز مندی دیکھی گئی تھی اور 100 انڈیکس میں 114.93 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، کاروبار بند ہونے پر انڈیکس39914.76 تک گر گیا تھا۔

تاہم اس مندی کا رجحان آج صبح زائل ہوگیا اور آج جب کاروبار کا آغاز ہوا تو مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور پہلے دو گھنٹوں میں انڈیکس میں 238.79 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

دن بھر تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملا، ایک مرتبہ انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 40706.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم ملک پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی نیب پیشی سے قبل ہونیوالی ہنگامہ آرائی کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر پڑے۔

مظاہرے کی وجہ سے تیزی کی طرف جانے والی حصص مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر تھوڑی مندی ہوئی اور انڈیکس 644.39 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40559.15 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

جبکہ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.61 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور 40 کروڑ 15 لاکھ 97 ہزار 409 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top