خیبرپختون خوا: وزیراعظم عمران خان نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت ایم پی ایز نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کو بی آر ٹی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی پاکستان میں سب سے بہترین پراجیکٹ ہے۔ بی آر ٹی سے ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کا ٹریک 27 کلو میٹر طویل ہے۔ بی آر ٹی منصوبے پر میرے کچھ تحفظات تھے۔ پرویز خٹک کو بی آر ٹی منصوبے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بی آر ٹی پر میرے تحفظات غلط تھے پرویز خٹک آپ ٹھیک تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے ٹکٹ کے 10 روپے ہر عام آدمی دے سکتا ہے۔ عام آدمی کے لیے یہ منصوبہ بہت بڑی نعمت ہے۔عمران خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے سسٹم سے بہتری آتی ہے۔ بی آر ٹی کی ہائبرڈ بسوں سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے اسپتال بھی منسلک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی سے بہترین سفری سہولت ملی ہے، اس سے خوشحالی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ بی آر ٹی کی بسیں ہائبرڈ ہیں، جس سے آلودگی میں کمی ہوگی۔ بی آر ٹی سے پشاور میں ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے بی آر ٹی سٹیشن کا بھی جائزہ لیا۔ جبکہ افتتاحی تقریب سے پہلے وزیر اعظم عمران خا ن نے ضلع خیبر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے احساس نشوونما پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ضلع خیبر میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں