اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر 2 روزہ دورے پر کل (9 اگست) پاکستان پہنچیں گے۔

دورے میں وہ وزیراعظم عمران خان اورشاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این جی اے کے صدر منتخب ہونے کے ناطے میں متعدد ممالک کا دورہ کرتا رہتا ہوں، اس سلسلے میں کل بطور منتخب صدر یواین 75واں جنرل اسمبلی پاکستان کا دورہ کروں گا۔


وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے میں وزیراعظم عمران خان اورشاہ محمود قریشی سے ملاقات ہو گی، جس میں 75ویں جنرل اسمبلی ایجنڈے کے مسائل اورترجیحات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وولکن بوزکر کا دورہِ پاکستان 'بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور بحالی میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کی مضبوط اور قابل قدر شرکت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے'۔

اس ضمن میں کہا گیا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی، معاشی اور معاشرتی ترقی، انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ، عالمی تنازعات کے پرامن تصفیے سے متعلق امور میں جنرل اسمبلی کے کردار کی حمایت کرتا رہے گا۔

یاد رہے جولائی کے آخر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کو پاکستان آنا تھا تاہم وہ منسوخ ہوگیا تھا، وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر مجھے 26 اور 27 جولائی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا ، جو فلائٹس کے تکنیکی مسائل کی باعث ملتوی کیا۔

خیال رہے وولکن بوزکرگزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن میں صدر منتخب ہوئے تھے۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top