اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم منزل پر پہنچ جائیں گے۔ فلاحی ریاست کی منزل کے حصول کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ حکومت قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال کے پاکستان کی جانب گامزن ہے، پاکستان دو لیڈروں کے عظیم خواب کی تعبیر ہے۔ وہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے جس میں قانون کی بالا دستی ہو۔

قوم کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ خواب تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا تھا اور اس ریاست کے اندر قانون کی بالادستی قائم کرنی تھی، جہاں سب انسان، بلا رنگ و نسل برابر ہونے تھے اور ان کے حقوق ریاست کی ذمہ داری تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سفر کی طرف نکلے ہوئے ہیں اور مجھے کوئی شک نہیں کہ انشااللہ ایک دن اس منزل پر ہم پہنچ جائیں گے لیکن اس کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشخبری یہ ہے کہ حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، ہماری ایکسپورٹ اوپر جارہی ہیں ، آئی پی پیز سے کل معاہدہ ہوگیا، جلد بجلی کی قیمت میں کمی ہوگی، عوام سے اپیل ہے کورونا سے بچاؤ کیلئےایس اوپیز پرعمل کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کےنام پیغام میں کہا کہ قوم کوپاکستان کے73ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، قائداعظم پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناناچاہتے تھے، قائداعظم محمدعلی جناح کے سفرپرہم نکلے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  کاروبار میں آسانی سے معیشت بہتر اور غربت میں کمی ہوتی ہے۔ہم نے تعمیراتی شعبے کو کاروبار میں آسانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب اقتدار ملا تو دو بوجھ تھے، ایک ماضی کی حکومتوں کا قرض اور دوسرا بوجھ پاور سیکٹر کا تھا، بجلی مہنگی بن رہی ہے اس لیے ہماری صنعت دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی بن رہی تھی جس کی وجہ سے بجلی مہنگی دینا پڑ رہی تھی، انڈیپینڈینٹ پاور پروڈیوسرز سے مذاکرات کافی دنوں سے چل رہے تھے، ان کے ساتھ نئے معاہدے کریں گےجس سے بجلی سستی ہو گی، یہ معاہدے بجلی کی پیداواری لاگت اور گردشی قرضہ کم کرنے میں مدد کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا اعتماد بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج بہتر ہورہی ہے جس سے ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں وراثت میں ملنے والے ڈھانچے کو درست کررہے، طویل مذاکرات کے بعد آئی پی پیزکے ساتھ نئے معاہدے کیے، معاہدوں سے بجلی کی پیداوارلاگت اورسرکلرقرضوں میں کمی آئے گی۔ اگلا اصلاحات کا ہدف بجلی کی تقسیم کا نظام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں متحد ہوکر ساتھ کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کو ہرسطح پرہرقسم کی مدد فراہم کریں گے، کشمیری بھارت کے غیرقانونی قبضے کےخلاف بہادری سے لڑرہے ہیں۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top