نئی دہلی: سنجو بابا اور منا بھائی کے نام سے معروف اور نامور بالی ووڈ اداکار  سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور انھوں نے اپنا علاج کروانے کی غرض سے کام سے وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے نام جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں علاج کے سلسلے میں کام سے عارضی طور پر بریک لے رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر والے اور دوست ساتھ ہیں، میں اپنے تمام مداحوں سے درخواست کروں گا کہ وہ غیر ضروری افواہوں پر کان نہ دھریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی محبت اور دعاوں سے میں جلد واپس آؤں گا۔


انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے لیلاوتی ہسپتال کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ 61 سالہ اداکار میں پھیپھڑوں کے کینسر کی چوتھی سٹیج کی تشخیص ہوئی ہے۔

یاد رہے سنیچر کے روز انھیں سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچایا گیا تھا، لیکن پیر کے روز انھیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

جب انھیں ہسپتال داخل کرایا گیا تو اداکار کے آکسیجن کی سطح 90-92 فیصد کے درمیان اتار چڑھاؤ کا شکار تھی۔ سانس میں دشواری کورونا وائرس کی علامات میں سے ایک ہے لہذا فوری طور پر ان کا کووڈ 19 ٹیسٹ لیا گیا۔

8 اگست کو سنجے نے ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ ان کی طبعیت ٹھیک ہے اور ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ بعد میں ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی چوتھی سٹیج کی تشخیص ہوئی۔

انڈین میڈیا کے مطابق سنجو بابا کو علاج کے لیے امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top