راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت نے فرانس سے 5 رافیل طیارے خریدے، 500 رافیل طیارے بھی خرید لے ہم کم وسائل کے باوجود مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ناکام حملے اور دہشتگردوں کیلئے منی لانڈرنگ میں بھارت ملوث ہے۔ بھارت کے پڑوسوں کیخلاف جارحانہ عزائم علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، جو اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی نشاندہی ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ جنگیں صرف اسلحے کے زور پر نہیں لڑی جاتیں، پاکستانی فوج اپنے عوام کے ساتھ مل کر مادر وطن کے دفاع کے لیے باصلاحیت ہے۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کے دفاعی اخراجات مسلسل کمی کی طرف جا رہے ہیں لیکن کم وسائل کے باوجود پاکستانی افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ناکام حملے اور دہشتگردوں کیلئے منی لانڈرنگ میں بھارت ملوث ہے۔ بھارت کے ہمسایوں کے خلاف جارحانہ عزائم علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر فورم پر کشمیر کے مسائل کو اجاگر کیا۔ ایک سال میں تین بار مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا جبکہ عالمی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم بے نقاب کئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے۔ کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہے۔ حالیہ عالمی رپورٹ میں بھی بھارت میں دہشتگرد گروپس کی نشاندہی کی گئی۔

دہشتگردی کیخلاف جنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے اسے کامیابی سے لڑا۔ آپریشن ردالفساد میں ایک لاکھ سے زائد انٹیلی ایجنس آپریشن کیے گئے۔ 46 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرایا گیا۔ آپریشن کے دوران 18 ہزار سے زائد دہشتگردوں کو مارا گیا جبکہ 400 ٹن بارودی مواد اور 70 ہزار سے زائد اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ملک میں وبائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وائرس کیخلاف کامیابی عوامی تعاون کے بغیر ناممکن تھی، تاہم کورونا کا خطرہ ابھی منڈلا رہا ہے۔ فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دنیا کورونا کیخلاف پاکستان کی موثر حکمت عملی کی معترف ہے۔






Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top