نیویارک: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نہ صرف پاکستان کی کرونا وائرس کی وبا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کیا بلکہ پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ کے ساتھ بھی کیا۔

امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے جبکہ بھارت میں یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ بل گیٹس نے پڑوسی ملک بھارت کے حوالے سے بھی بات کی، انھوں نے بھارت میں کرونا کی کی صورت حال کو ابتر قرار دیا، اور کہا کہ افسوس کہ بھارت میں کرونا کی صورت حال جنوبی امریکا جیسی ہے۔

بل گیٹس نے پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ سے کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک وقت میں کرونا کیسز کی تعداد خطرناک حد پر تھی لیکن اب صورت حال یورپ جیسی ہے۔

بل گیٹس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اینٹی وائرل ادویات اور اینٹی باڈی تھراپیز کی بدولت کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح میں اس سال کے آخر تک نمایاں کمی لانے میں مدد مل سکے گی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی آ رہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے 15 مریض جاں بحق ہوئے، اور صرف 539 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد بھی 17799 ہے۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top