اسلام آباد: مملکت خداد پاکستان کا 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاک سر زمین کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے گا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاؤں سے ہوا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی غلامی سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علی الاصبح 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت گلگت اور مظفر آباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
ملک بھر میں 14 اگست آزادی کے طور پر خوب جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ، ملک کے ہر کونے میں ’پاکستان زندہ باد‘ نے نعرے لگائے جارہے ہیں اور آزادی کا جشن ہر ایک اپنے اپنے انداز میں منارہا رہے۔
ملک بھر میں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، کراچی سے خیبر، مہران سے بولان، پوری قوم ہوگئی یک زبان ہوگئی ہے اور سب کے لبوں پر دل دل پاکستان کی صدائیں، پاکستان زندہ باد۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدرمملکت عارف علوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ وفاقی وزرا ، سول اور عسکری قیادت نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مزارقائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پراعزازی گارڈکےفرائض سنبھالے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمشتاق احمد تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔
مزاراقبال پربھی گارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ جنرل آفیسرکمانڈنگ لاہور تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں