لاہور: پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیب سے قربت نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو حواس باختہ کردیا ہے، اپوزیشن کو ایسے جھٹکے آئندہ تین سال تک ملتے رہیں گے۔

احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہر کام میں روڑے اٹکانے والی اپوزیشن آج شفافیت کے دعوے کررہی ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کو قرضوں اور تباہی کے دہانے پر چھوڑ کر فرار ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ آج معاشی ترقی کی سیڑھیاں چڑھتا پاکستان (ن) لیگی قائدین کی نیندیں حرام کر رہا ہے، نارووال کے ارسطو اپنے معاشی اعداد و شمار کو بولنے سے پہلے ذہن میں تازہ کر لیں تو بہتر ہے۔ کیونکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان پہلی بار اقوام عالم میں سر اٹھا کر کھڑا ہونے کے قابل ہوا اور بہتر قانون سازی اور سفارتکاری کی بدولت ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے قریب تر ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سڑکوں، پلوں کی سیاست کرنے والوں نے عوام کی ضروریات کو یکسر نظر اندازکیا، وزیر اعظم عمران خان  کی قیادت میں ریور راوی فرنٹ سٹی کی تعمیرانقلابی منصوبہ ہے،اپوزیشن بےغم رہے، ایسے جھٹکے آئندہ 3 سال بھی انہیں ملتے رہیں گے۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top