وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کا تاریخی دن ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان کا تاریخی دن ہے۔
پاکستان کے سرکاری نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو شامل کرلیا گیا ، وفاقی کابینہ نے سرکاری نقشے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ،اپوزیشن اور کشمیری لیڈرشپ سمیت سب نے نئے نقشےکی تائیدکی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نقشہ پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست کو جو غیرقانونی قدم اٹھایا تھا یہ نقشہ اس کی نفی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس نئے نقشے کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، یہ نقشہ پہلا قدم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو ظلم کیا اور کشمیریوں کا قانونی حق ختم کیا، بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری اپنے ہی علاقوں میں اقلیت بن کر رہ جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ بچپن سے کشمیریوں کی آزادی کا سنتے آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرا زندگی کا تجربہ ہے کہ اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے خواب ضرور دیکھنا چاہیے۔ بچپن میں کرکٹر بننا چاہا اور پھر بن کر دکھایا، اسی طرح شوکت خانم کا بھی خواب دیکھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو یاد کرواتے رہیں گے کہ آپ نے جو وعدہ کیا وہ پورا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللّٰہ مجھے بھروسہ ہے کہ ہم اپنی منزل پر ایک دن پہنچ جائیں گے۔


Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں