مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ہندوستان میں حالات اب بگڑتے جائیں گے، مودی حکومت بند گلی میں پھنس گئی ہے اور اب کشمیر آزاد ہوگا۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان سمیت صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی میں بھارتی اقدام کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی اسٹریٹیجک غلطی کی ہے . یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی اور کشمیریوں کو اعتماد سے کہتاہوں کشمیر کا معاملہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان چپ کرکے نہیں بیٹھا، دنیا میں گیا، کشمیر پر ٹاپ لیڈرز سے بات کی، امریکی صدر ٹرمپ کو سمجھایا کشمیر دنیا کیلئے کتنا خطرناک ہے۔ بنگلہ دیش بننے کے بعد مغربی میڈیا بھارت کے حق اور پاکستان کےخلاف ہو گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت نے کشمیری عوام کو ایک سال پہلے 5 اگست کو بدترین فاشسٹ ملٹری محاصرے میں لیا اور غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

کشمیریوں کے سفیر وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر ریلی میں  شرکت کی اور مزاحمتی دیوار کا افتتاح بھی کیا۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top