اسلام آباد: سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی متفقہ طور پر فرانس میں بنائے گئے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ جبکہ فرانس سے سفیر واپس بلانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے متفقہ مذمتی قرارداد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان گستاخانہ خاکوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا منتخب ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ او آئی سی اسلاموفوبیا کے خلاف 15مارچ کا دن منائے۔

قراداد منظور ہونے کے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا ایوان نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے گونج اٹھا۔

منظور کی گئی قرار داد کے مطابق یہ ایوان فرانس میں ہوئے توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان فرانسیسی صدر میکرون کے توہین آمیز الفاظ کی بھی مذمت کرتا ہے، یہ ایوان قرآن اور صاحب قرآن کی توہین کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان فرانس میں حجاب کی توہین کی بھی مذمت کرتا ہے۔ ایوان قرار دیتا ہے کہ اسلاموفوبیا کو روکا جائے۔ ایوان او آئی سی ممالک سے فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق ایوان او آئی سی اور نان او آئی سی ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسی توہین کو روکنے کے لئے قانون سازی کرے۔

اس سے قبل سینیٹ میں بھی فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے ہماری محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

اس قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ کوئی مسلمان حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔

قرارداد میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان اور فرانس میں حکومتی سرپرستی میں خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت  بھی کی گئی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اقدمات روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قرارداد کی کاپی دفترِخارجہ اور فرانسیسی سفیر کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top