پاکستان میں جشن عید میلاد النبی ﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر شہر گلی گلی تیاریاں ہو رہی ہیں، مساجد ، بازار اور چوراہے سجے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

بارہ ربیع الاول کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت  اسلام آباد میں اکتیس توپوں اور صوبائی درالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ہے۔ اور مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں بھی کی گئی۔


عاشقانِ رسول اپنے اپنے انداز حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں آج بھی عاشقان رسول شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکالیں گے۔ عوام کی جانب سے مساجد، عمارتيں، گلياں اور محلوں کو جھنڈيوں اور رنگ برنگی قمقموں سے سجا ديا گیا ہے۔ جشن ولادت باسعادت کے موقع پر سکھر میں شام میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی، جب کہ سندھ بھر ميں سيکورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔


صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو عیدمیلاد النبیؐ کی مبارکباد دی اور قوم کے نام پیغام میں کہا سرور کائنات کی حیثیت بے مثال آفتاب کی ہے، آپؐ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ہم نے اس سفر کا آغاز کر دیا، اب منزل زیادہ دور نہیں۔

وزیراعظم نے حضرت محمدؐ خاتم النبین کے یوم ولادت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپؐ کی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے، آپﷺ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کر کے دکھائی، عدل و انصاف، مذہبی و سماجی آزادی کا عملی نمونہ ریاست مدینہ تھی، مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کیلئے کام کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کوشش ہے ریاست مدینہ کے تصور سے مکمل رہنمائی حاصل کریں، وطن عزیز کو فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں گے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top