سرور کائناتﷺ کی شخصیت بےمثال آفتاب کی مانند ہے، وزیراعظم عمران خان
جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ خاتم النبیین کے یوم ولادت پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، سرور کائناتﷺ کی حیثیت بےمثال آفتاب کی ہے، آپؐ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کے لیے مشعل راہ ہیں، آپؐ کی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپؐ کی حیات فلاح پر مشتمل ایک عظیم نظام کے قیام سے عبارت ہے، آپؐ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی، آج فلاح عامہ کی بنیاد پر تشکیل معاشرے کے ان ہی اصولوں پر قائم ہیں، عدل وانصاف، مذہبی وسماجی آزادی کا عملی نمونہ ریاست مدینہ تھی، مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کے لیے کام کیا، کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصورسے مکمل رہنمائی حاصل کریں۔
حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیینﷺ کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر پوری قوم اور امن مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت ہے۔ آپؐ نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔
عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آپ ﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے، آپ ﷺ کی محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔
حضورا کرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم ختم کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضورا کرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم ختم کیا جاسکتا ہے، آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر کہا کہ سرور کونین حضرت محمدؐ کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کیلئے ابر بہار کی حیثیت رکھتی ہے، محسن انسانیت حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے، حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا نبی آخرالزماںؐ نے امن و آشتی، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفوو درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا، آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے، حضور اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، نا انصافی اور بد امنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، آپؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کر امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہے،
تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہے ،اس دن اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کو رحمت اللعٰالمین بنا کر اِس دنیا میں بھیجا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صحابہ اکرام جنہیں حضور ﷺ کی خدمت کا شرف حاصل ہوا انہوں نے سب کچھ پالیا ، حرمت رسول ﷺ ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ،ہماری کوشش ہونی چاہئیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے کو اپنائیں ۔
عمران اسماعیل کا اپنے پیٖغام میں مزید کہنا ہے کہ اس طرف زیادہ سے زیادہ چلیں جو راستہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے دکھایا، آج کا دن انتہائی عقیدت و محبت سے بھرا، دنیا میں محبت بانٹنے کا دن ہے، ہمارے پیارے نبی ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں محبت بانٹی۔






Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں