پیرس: فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فرانس کی جانب سے یہ فیصلہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے صدر ایمینوئل میخواں نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور ساتھ ہی ترکی سے اپنا سفیر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے بیان میں فرانس کے صدر کی دماغی صحت کے حوالے سے سوالات اٹھائے تھے اور ایک مشورہ بھی دیا تھا۔

ترکی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک صدر نے مغربی ممالک سے کہا تھا کہ فاشزم آپ کی کتاب میں ہے اور وہ آپ ہی کا شیوہ ہے جب کہ ہماری کتاب میں اس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سماجی انصاف کے راستے پر بڑھ رہے ہیں۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا  تھا کہ اس وقت فرانس کا سربراہ سٹپٹایا ہوا ہے۔ انہوں ںے کہا تھا کہ اس کا صرف ایک کام ہے اور وہ دن رات ایردوان کے ساتھ الجھنا ہے۔

صدر ایردوان نے فرانس کی مسلمانوں کے حوالے سے پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’فرانسیسی صدر ایمینوئل میخواں کو اپنے دماغ کا علاج کروانے کی ضرورت ہے۔‘

ترک صدر نے سوال اٹھایا تھا کہ میخواں نامی ایک فرد کا اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ کیا مسئلہ ہے۔

رجب طیب ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ ’انہیں صدر ایمینوئل میخواں کے 2022 کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے کی امید نہیں ہے۔‘

ترکی کے صدر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صحیح معنوں میں وہ ایک مریض ہے جس کا معائنہ ہونا ضروری ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ فرانسیسی صدر نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ فرانس کے صدرکو دنیا کو مزید تقسیم کرنے کی بجائے معاملات کو حل کرنا چاہیے تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فرانس کے صدر نے توہین آمیز خاکوں کی نمائش سے اسلام اور ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو ٹارگٹ کیا اور جان بوجھ کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کو تقسیم کرنے سے انتہا پسندی مزید بڑھے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ لیڈر کی خاصیت انسانوں کو متحد کرنا ہوتا ہے۔ انہوں ںے کہا ہے کہ توہین آمیز خاکوں کے ذریعے اسلام پر حملے لاعلمی کا نتیجہ ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top