انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ انقرہ کے ملت کنونشن سینٹر میں عید میلاد النبیﷺ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے خطاب میں عالمی سربراہوں سے درخواست کی کہ اگر فرانس میں مسلمانوں کے خلاف ظلم روا رکھا جا رہا ہے تو ہم سب کو مل کر اس کی تلافی کرنی چاہیے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے اپیل کی کہ ترک فرانسیسی اشیاء کابائیکاٹ کریں، یورپی لیڈرماکروں کے اسلام مخالف ایجنڈے کو روکیں‘ انہوں نے کہا کہ بعض یورپی لیڈر اسلام فوبیا کے علمبردارہیں،ان کے ملکوں میں مسلمانوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز فرانس کے صدر کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے ان کے معائنے کا مشورہ دیا تھا جس پر فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

ترک صدر نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے:’’ جس طرح وہ یہ کہتے ہیں کہ فرانس میں ترک برانڈز کی اشیاء کی خریداری نہ کی جائے،اسی طرح میں بھی اپنے تمام شہریوں پر زوردیتا ہوں کہ وہ کبھی فرانسیسی برانڈز کی مدد کریں اور نہ انھیں خرید کریں۔‘‘

ترکی کے ادارہ شماریات کے مطابق فرانس ملکی درآمدات کا دسواں بڑا ذریعہ ہے اور وہ ترکی کی برآمدات کی ساتویں بڑی مارکیٹ ہے۔ فرانسیسی درآمدی اشیاء کے علاوہ ترکی میں فرانسیسی کاریں بھی سب سے زیادہ تعداد میں فروخت ہوتی ہیں۔

صدر ایردوآن نے کہا کہ ’’یورپ میں مسلمانوں کو بالکل اس طرح کی ’’نسلی تطہیری مہم ‘‘ کا سامنا ہے،جس طرح کی مہم دوسری عالمی جنگ سے قبل یہود کے خلاف برپا کی گئی تھی۔‘‘انھوں نے بعض مغربی لیڈروں پر اسلام فوبیا کا چیمپئن ہونے کا الزام عاید کیا ہے اور انھیں فاشسٹ قرار دیا ہے۔

انھوں نے کسی مغربی لیڈر کا نام لیے بغیر کہا کہ ’’آپ حقیقی معنوں میں فاشسٹ ہیں اور آپ کا سلسلہ نازی ازم سے جا کر جڑ جاتا ہے۔‘‘

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top