اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے کیونکہ ہم ہر روز اپنے اعداد و شمار کو دیکھتے ہیں تو یہ چیز واضح ہو رہی ہے کہ ایک مرحلے پر آج سے چند دن قبل کیسز کی تعداد 400 یا 500 کے قریب تھی لیکن اس وقت یومیہ کیسز کی تعداد 700 اور 750 تک ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہ کہا کہ عوامی اور پُر ہجوم مقامات پر ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد میں غفلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کورونا وبا کی پابندیوں کو مزید سخت کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک دو دنوں میں تمام صوبوں کی مشاورت کے ساتھ سفارشات سامنے لائیں گے۔ مقامی سطح پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرجرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ وبا کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے پابندیاں مزید سخت کرنا پڑیں تو کی جائیں گی اس کے ساتھ عوام کو بھی زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں اور تقریبات کے اوقات کار میں کمی کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اگلے ایک دو روز میں واضح سفارشات سامنے آجائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد سفارشات سامنے لائیں گے۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں آج مزید 6 افراد دم توڑ گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار745 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے773 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 375 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں3 لاکھ11ہزار440 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایکٹو کیسز کی تعداد11 ہزار 190 ہے۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 336 اور سندھ میں 2 ہزار 599 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 270، اسلام آباد میں 213، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 87 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 181 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 3 ہزار 82، سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار114، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار119، بلوچستان میں 15 ہزار 839، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 191 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 849 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں