چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید شدت اختیار کرنے لگی ہے، امریکا نے دانشوارنہ املاک اور معلومات کے تحفظ کے لیے چین کو ہیوسٹن میں موجود قونصلیٹ تین دن میں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور ذرائع کے مطابق چین نے جوابی کارروائی کے طور پر ووہان میں امریکی سفارتخانے کی بندش پر غور شروع کردیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش بین الاقوامی قوانین، بنیادی اصولوں اور امریکا چین قونصلر معاہدے سے متعلق شقوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

چین کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام امریکا چین تعلقات خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، امریکی غلطیاں درست نہ ہوئیں تو چین ضروری اور مناسب جواب دے گا۔
یاد رہے حال ہی میں امریکا کے محکمہ انصاف نے چین کے دو شہریوں پر امریکا اور دیگر ممالک میں سیکڑوں کمپنیوں کی کورونا ویکسین پر ریسرچ اور مواد چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top