اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمن سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ گوادر سمیت جنوبی بلوچستان کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گوادر اور دیگر منصوبوں سے بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کے راستے کھلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے اجلاس میں بلوچستان کے حوالے اہم فیصلے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی ترقیاتی کونسل کا دوسرا اجلاس آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں آمدورفت کے مختلف منصوبے، آبی وسائل کے بہتراستعمال، زراعت، توانائی اور بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے مختلف منصوبے پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کو یقینی بنانا اور سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لیے وسائل کو یکسر نظرانداز کیا گیا۔ وسائل فراہم نہ ہونے سےصوبے کا بڑاحصہ پس ماندگی کا شکار رہا۔ اور وسائل نظر انداز ہونے سے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔ بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، حماد اظہراورعلی حیدرزیدی، عمرایوب،مشیرخزانہ،عبدالرزاق داؤد اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top