مظفر آباد: وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ قرارداد الحاق پاکستان کے پیچھے کشمیری عوام کی منشا تھی،قرارداد الحاق پاکستان کسی جماعت کااجتماع نہیں،کشمیری عوام کی خواہش تھی، بھارت نے کشمیریوں سے حق خودارادیت کا جو وعدہ کر رکھا ہے وہ اسے پورا کرے۔
راجا فاروق حیدر نے یوم الحاق پاکستان پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قرارداد الحاق پاکستان کے تناظر میں تحریک آزادی کا آغاز ہوا، مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی بنیاد 19 جولائی کی قرارداد الحاق پاکستان ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہندوستان کشمیریت کو ختم کرنے کے درپے ہے ، ریاست جموں و کشمیر ایک اکائی ہے، سٹیٹ سبجیکٹ کا قانون مہاراجہ ہری سنگھ نے بنایا تھا، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم سٹیٹ سبجیکٹ کے قانون پر قائم ہیں، جموں کے کشمیری سٹیٹ سبجیکٹ کے قانون کی حفاظت کریں، ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں، سکھوں، ہندوں اور بدھوں کا سفر ایک ہے۔
راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت نےکشمیریوں سےحق خودارادیت کا جو وعدہ کر رکھا ہے وہ اسے پورا کرے، برصغیر میں مسئلہ کشمیر حل ہونے سے امن آئے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے سے ہی یہ خطہ ترقی کرے گا، بھارت غربت کے خاتمے پرتوجہ دے وہ دفاع پر کثیر سرمایہ خرچ کررہا ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں