عید الاضحیٰ کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں عالمی وبا کورونا وائرس ایس او پیز کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مساجد اور عیدگاہوں میں  سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی ترقی و خوشحالی اور عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جس کے بعد شہر شہر،گاؤں گاؤں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عید کی نماز گورنر ہاؤس پشاور میں ادا کی اور اس موقع پر امن و سلامتی اور ملکی استحکام کے لیے دعا مانگی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس لاہور میں اکٹھے نماز عید ادا کی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عید الالضحیٰ کی نماز ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر ادا کی جب کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عید کی نماز  منصورہ میں ادا کی۔
سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے عید کی نماز درگاہ حضرت موسی پاک شہید پر ادا کی جب کہ مختلف سیاسی رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں نماز عید ادا کی۔
ملک بھر میں شہریوں نے نماز عید کے بعد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں کا بھی رخ کیا۔

یاد رہے طبی ماہرین کے مطابق اگرعید الاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں اور کورونا وائرس میں اضافہ ہوا تواس کی ریکوری میں کم از کم دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔


واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا کے باعث اجتماعات سے گریز کرنے اور اجتماعی قربانی کی ہدایت کر رکھی ہے، حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز بھی جاری کئے ہیں۔

واضح رہے کہ عید کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے جمعہ تا اتوار چھٹی اعلان کیا گیا جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ سے پیر تک چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top