کئی وزراء کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی، عید کے بعد تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے جائیں گے: ذرائع
اسلام آباد: وزیراعظم نے عید کے بعد وفاقی کابینہ میں مزید رد و بدل کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق کئی وزراء کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی، عید کے بعد تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کے فوری بعد اپنی کابینہ میں مزید رد و بدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دو غیر منتخب مشیروں کے استعفیٰ کے بعد وزیر اعظم کے مزید مشیروں کے مستعفی ہونے کا امکان ہے اور ان کی جگہ منتخب ارکان پارلیمنٹ کو وزیر بنایا جائے گا، ناقص کارکردگی والے وزراء کو یا تو فارغ کیا جائے گا یا انہیں غیر اہم وزارتیں دی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کچھ روز قبل ہی وفاقی وزراء کو تلقین کی تھی کہ اپنی وزارتوں کی کارکردگی میں بہتری لائے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ جو وزیر کام نہیں کرے گا، کارکردگی نہیں دکھائے گا تو اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔ ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ظفر مرزا کی جگہ نئے معاون خصوصی برائے صحت یا وزیر صحت کی تقرری کے حوالے سے بھی عید کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔
زرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں چینی، گندم آٹے کے بحران، پٹرول کی قلت ، لوڈشیڈنگ نے حکومت کو ساکھ کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے، جس پر بکھری ہوئی اپوزیشن کو حکومت کے خلاف پرا پیگنڈا کرنے اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کا موقع ملا اور حکومت کی سبکی ہوئی، وزراء حالیہ پٹرول بحران پر ندیم بابر کی طرف انگلیاں اٹھ رہی ہیں اور ان پر حکومت کے اندر اور میڈیا پر کھل کر تنقید ہورہی ہے۔
وزیر اعظم کے نوٹس میں یہ بات بھی لائی گئی کہ بعض وزرا ءکرپشن میں بھی ملوث ہیں۔عددی کمی کی وجہ سے وزیراعظم کوئی بڑا فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں تو نہیں مگر کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں میں ردوبدل کا بھی امکان ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں