راولپنڈی: چین نے خطے کا امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین رانگ نے وفد کے ہمراہ آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخار نے چینی وفد کا استقبال کیا،
آئی ایس پی آرکے مطابق چینی وفد نے دورہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے قیام کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔ چینی ڈیفنس اتاشی نے آئی ایس پی آر میں تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے آرمی چیف اور مسلح افواج کی طرف سے مبارکباد دی۔
آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کا چینی وفد کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاک فوج اور پی ایل اے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جزو ہیں، دونوں مسلح افوا ج کےدرمیان برادرانہ تعلقات پرفخرہے۔
چینی ڈیفنس اتاشی نے کہا کہ پاک چین فوجی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، ہر موسم میں باہمی اسٹریٹجک تعلقات میں وسعت آئی ہے، ہر شعبے میں بشمول کرونا پر قابو پانے کی بھرپورکوششیں کی گئیں۔
پاکستان میں چینی سفیر کا پیغام بھی اس موقع پر پڑھا گیا جس میں سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات میں فوجی تعلقات کی خصوصی اہمیت ہے، خطے میں امن واستحکام کیلئے باہمی تعاون جاری ہے۔
خیال رہے کہ پی ایل اے کی93ویں سالگرہ کی پروقارتقریب آئی ایس پی آرمیں منعقد کی گئی۔ ہر سال یہ تقریب اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر منعقد کی جاتی ہے۔ کرونا کے پیش نظر اس سال اس تقریب کو محدود کیا گیا، تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔
تقریب میں پیپلز لبریشن آرمی کا عالمی امن میں کردار کو فلم کے ذریعے پیش کیاگیا۔ اس موقع پرپاک چین دوستی کی عکاسی خصوصی نغمے کے ذریعے کی گئی۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں