وزیر اعظم پاکستان عمران خان  سے بدھ کو اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ کے اہم معاملات پر چیئرمین کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی،  چیف ایگزیکٹو وسیم خان، تین سابق اور ایک موجودہ کپتان ملاقات کر یں گے۔

تفصیلات کے مطابق   ملاقات میں بورڈ حکام میں سے چیئر مین احسان مانی ، چیف ایگزیکٹو وسیم خان ، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ  ٹیسٹ کپتان اظہر علی   اورسابق کپتان  محمد حفیظ بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

محمد حفیظ ، مصباح الحق اور اظہر علی  وزیر اعظم سے ڈومیسٹک کرکٹ  کے حوالے سے بات کریں گے۔

دوسری  جانب  سابق کپتان سرفراز احمد طبی وجوہات کی وجہ سے ملاقات میں شامل نہیں  ہوں گے۔

ملاقات کے لیے ٹی 20 کرکٹ میں 2000 ہزار رنز اور 50 وکٹ لینے والے محمد حفیظ نے خصوصی درخواست کی تھی، محمد حفیظ ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کے ختم ہونے اور کرکٹرز کے روزگار کے لیے اہم گفتگو وزیر اعظم عمران خان سے کریں گے۔

وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں محمد حفیظ ساتھی کرکٹرز کے ہمراہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے کے سبب کرکٹرز کو روزگار کے حوالے سے پیش آنیوالی مشکلات اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

محمد حفیظ اور سابق کرکٹرز کی یہ ملاقات کووڈ 19 اور دورہ انگلینڈ کے سبب دو ماہ قبل ہوتے ہوتے رہ گئی تھی، محمد حفیظ کے ہمراہ ملاقات میں شریک قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اب بھی سوئی ناردن گیس کے ساتھ منسلک ہیں۔

لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حصہ ہیں، وہ آج بھی پی آئی اے کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خلاف ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ اداروں کے بجائے ریجنز کی ٹیمیں ہونی چاہئیں اس سے مقابلے کی فضا بنتی ہے۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top