اسلام آباد: حکومت نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا قانون لانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایسے مجرموں کو نامرد بنانے کے لیے قانون کی منظوری دے دی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بل کے ڈرافٹ پر کام شروع کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد قانونی ٹیم نے بل کے مسودے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ بل میں جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کی سزا تجویز کی جائے گی۔

مجوزہ بل وفاقی وزیر فیصل واوڈا قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی سزا کے لیے بھی بل لائیں گے اور انسانی حقوق کے چیمپئن میدان میں نہ آئے تو پھانسی کا بل منظور کروانے کی کوشش کریں گے۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پھانسی کا بل منظور نہ ہوا تو کیسٹریشن (نامرد) کا بل ہر حال میں منظور کروائیں گے۔

دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے بھی جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو آن بورڈ لے لیا اب بل لانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، حکومت نے بل کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز پہلے کراچی کی بچی مروہ کے والدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فیصل واوڈا نے زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا بل لانے کا اعلان کیا تھا۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top