راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں پاک فوج کی پٹرولنگ ٹیم پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ فائرنگ سے ایک افسر سمیت 8 جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں ان پر فائرنگ شروع کر دی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین جوان شہید جبکہ افسر سمیت 8 زخمی ہو گئے۔ زخمی جوانوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں سیکیورٹی فورسز نے جھڑپ کے دوران 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔
شمالی وزیرستان میں یہ آپریشن انٹیلی جنس انفارمیشن کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ شہدا میں سپاہی محمد اسماعیل خان، سپاہی محمد شہباز یاسین، سپاہی راجا وحید احمد اور سپاہی محمد رضوان خان شامل ہیں۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں