واشنگٹن: شدید تنقید اور دباؤ کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار ماسک پہن لیا ہے۔

امریکی صدر ایک ملٹری اسپتال کے دورے پر تھے جہاں انہیں پہلی بار چہرے پر ماسک پہنے دیکھا گیا، اس سے پہلے تک وہ ماسک پہننے سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وباء سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ کے صدر پر دباؤ تھا کہ وہ صحت عامہ کے لیے مثال قائم کرتے ہوئے عوامی سطح پر ماسک کا استعمال کریں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ملٹری اسپتال دورے کے لیے جب وائٹ ہاؤس سے نکل رہے تھے تو انہوں نے ایک نیوز رپورٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’خاص طور پر، جب آپ ایک اسپتال میں ہوتے ہیں، تو میں سمجھتا ہوں کہ چہرے پر ماسک پہننے کی توقع کی جاتی ہے۔

ٹرمپ اس موقعے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں کبھی بھی ماسک کے خلاف نہیں رہا لیکن مجھے یقین ہے کہ ان کو مخصوص وقت اور جگہوں پر ہی استعمال کیا جاتا ہے‘۔

صدر ٹرمپ گزشتہ روز زخمی فوجیوں کی عیادت کیلئے والٹر ریڈ ملٹری اسپتال کا دورہ کیا۔ صدر ٹرمپ نے اس موقعے پر سیاہ رنگ کا ماسک پہن رکھا تھا جس پر امریکی صدارتی مہر کا لوگو تھا۔

ماضی میں صدر ٹرمپ سیاسی ریلیوں، میڈیا بریفنگز اور دیگر مقامات پر ہمیشہ ماسک پہننے سے گریز کرتے رہے ہیں، یہاں تک کہ وائٹ ہاؤس کے عملے میں اس وائرس کی تصدیق کے بعد بھی وہ اپنی ضد پر قائم رہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نیوز کانفرنسز، کورونا وائرس ٹاسک فورس کی اپڈیٹس سمیت دیگر عوامی اجتماعات کے موقع پر چہرے پر ماسک پہننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ امریکہ بھر میں اب تک 32 لاکھ سے زائد افراد مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top